ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / متحرک سیاسی و سماجی لیڈر محمد صادق مٹا بھٹکل بلدیہ کے نئےصدر اور کے ایم اشفاق نائب صدر منتخب

متحرک سیاسی و سماجی لیڈر محمد صادق مٹا بھٹکل بلدیہ کے نئےصدر اور کے ایم اشفاق نائب صدر منتخب

Fri, 09 Sep 2016 20:01:24    S.O. News Service

بھٹکل:۹/ستمبر (ایس او نیوز) بھٹکل بلدیہ کے لئے توقع کے عین مطابق مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے امیدوار اور کانگریس لیڈر محمد صادق مٹا صدر اور کے ایم محمد اشفاق نائب صدرکے عہدہ پر اتفاق رائے سے  منتخب ہوگئے۔

بھٹکل بلدیہ کے نئے صدر محمد صادق مٹا ضلع وقف بورڈ کے ممبر، تعلقہ کانگریس اقلیتی شعبہ کے صدر، بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے شعبہ خدمت خلق کےکنوینر اور شاہین اسپورٹس سنٹر کے صدرکے طورپر بے شمار خدمات انجام دیتے ہوئے سیاسی و سماجی سطح پر بے حد متحرک لیڈر مانے جاتے ہیں، تین مدتوں کے لئے مسلسل بلدیہ ممبر کے طورپر منتخب ہونا ان کے سماجی و سیاسی طورپر متحرک ہونے کی علامت ہے۔ ان کی ایک خاص پہچان یہ بھی ہے کہ جب کبھی بھٹکل کا ماحول فرقہ وارانہ کشیدگی کا شکار ہوتاہے تو اس کو معمول پر لانے میں ان کاکردار بھی اہم رہاہے، حالیہ برسوں میں ایک تجربہ کار سیاسی لیڈر کے طور پر ابھر کر آئے ہیں۔ اسی طرح نائب صدر کے طور پر بھی متحرک لیڈرکے ایم اشفاق نے بھی اتفاق رائے سے جیت درج کی ہے۔

نئے صدرکے سامنے شہر کے کچرا نکاسی ، اندرونی نالیوں کی بدنظمی، غوثیہ اسٹریٹ کا پمپنگ اسٹیشن اور کنوئوں کی خرابی  سمیت کئی ایک مسائل کا انبار ہے، عوام ان سے امید لگائے بیٹھے ہیں کہ یہ نئی جوڑی ان مسائل کو حل کرنے میں کامیاب ہوگی، منتخب ہونے کے فوری بعد ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بھٹکل شہر کی ہمہ جہت ترقی کے لئے وزراء ، رکن اسمبلی ، بلدیہ ممبران سمیت تمام کے تعاون سے وہ ان مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

جمعہ کی صبح 11بجے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی کارروائی شروع ہوئی ، سہ پہر 3بجے الیکشن کمشنر ، مقامی تحصیلدار وی این باڈکر نے دو نوں پرچہ نامزدگی کودرست ہونے کا اعلان کیا ۔ بلدیہ چیف آفیسر رمیش اس موقع پر موجود تھے۔ انتخابی کارروائیوں کے وقت تنظیم کے جنرل سکریٹری محی الدین الطاف کھروری ، بلاک کانگریس صدر وٹھل نائک، رابطہ سوسائٹی کے عبدالسمیع کولاسمیت کئی لیڈران و ذمہ داران موجود رہ کر انہیں مبارکباد دی۔ خیال رہے کہ بلدیہ کے 23ممبران میں سے 15تنظیم کے حامی ممبران ہیں، گذشتہ بدھ کو اندرونی انتخابات کے ذریعے تنظیم نے صدر و نائب صدر کے لئے اپنے امیدواروں کا اعلان کیا تھا۔ اس موقع پر ساحل آن لائن صدر محمد صادق مٹا اور نائب صدر کے ایم اشفاق کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتاہے۔


Share: